
بال ٹیمپرنگ کیس، پی سی بی نے فخر زمان پر 2 میچوں کی پابندی عائد کردی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بال ٹیمپرنگ کے مبینہ واقعے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں میچ ریفری نے فخر زمان پر دو میچز کی پابندی عائد کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فخر زمان کو پی ایس ایل کے ضابطہ اخلاق کی لیول 3 خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا۔ امپائرز کی رپورٹ میں کہا گیا کہ کھلاڑی نے میچ کے دوران گیند کی حالت تبدیل کرنے کی کوشش کی، جو قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد معاملے کا جائزہ لیا گیا، جس کے نتیجے میں میچ ریفری نے سخت ایکشن لیتے ہوئے فخر زمان پر دو میچز کی پابندی نافذ کر دی۔ یہ پابندی ان پر ضابطہ اخلاق کی شق 2.14 کی خلاف ورزی پر لیول تھری جرم ثابت ہونے کے بعد عائد کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس فیصلے کے بعد فخر زمان آئندہ دو اہم میچز میں اپنی ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے، جس سے ٹیم کی کارکردگی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ لاہور قلندرز کے فخر زمان 29 مارچ کو کراچی کنگز کے خلاف کھیلے گئے میچ کے آخری لمحات میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کرتے نظر آئے تھے۔
آن فیلڈ امپائرز نے لاہور قلندرز پر پانچ رنز کی پنالٹی عائد کرکے گیند تبدیل کردی تھی۔



