PSL2026

ایڈم زمپا نے شاہد خان آفریدی کو اپنا آل ٹائم فیورٹ قرار دے دیا

ایڈم زمپا نے شاہد آفریدی کو اپنا آل ٹائم فیورٹ قرار دے دیا،

آئی پی ایل چھوڑنے کی وجہ بھی بتا دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں کراچی کنگز کے آسٹریلوی لیگ اسپنر ایڈم زمپا نے اپنے پسندیدہ پاکستانی کرکٹر، لیگ کے معیار اور آئی پی ایل چھوڑنے کی وجوہات سے متعلق کھل کر اظہار خیال کیا ہے۔

اے آر وائی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ایڈم زمپا نے سابق کپتان شاہد آفریدی کو اپنا آل ٹائم فیورٹ پاکستانی کرکٹر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اسکواڈ میں فاسٹ بولر حسن علی انہیں خاصے پسند ہیں جبکہ ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول بھی نہایت خوشگوار ہے جہاں مقامی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے درمیان بہترین ہم آہنگی دیکھنے کو ملتی ہے۔

زمپا نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ لیگ میں بین الاقوامی سطح کا بولنگ اٹیک موجود ہے اور کئی ٹیموں کی باؤلنگ خاصی مضبوط ہے، جس کی وجہ سے بظاہر آسان میچز بھی آخر تک سنسنی خیز ہو جاتے ہیں۔

آئی پی ایل کے بجائے پی ایس ایل کو ترجیح دینے سے متعلق سوال پر انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ میں کم معاوضے اور فرنچائزز کی کم توجہ کے باعث کھیلنے کا فیصلہ ترک کیا۔ ان کے مطابق لیگ میں شرکت کے لیے کافی وقت درکار ہوتا ہے لیکن اس کے مقابلے میں مالی فائدہ مناسب نہیں تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ دراصل کرکٹ سے کچھ وقفہ لینا چاہتے تھے، تاہم اچانک پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کا موقع ملا جسے انہوں نے قبول کر لیا اور اب وہ ٹورنامنٹ کو بھرپور انداز میں انجوائے کر رہے ہیں۔

ایڈم زمپا نے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے بولر ہیں جنہیں دیکھنا ہمیشہ دلچسپ ہوتا ہے، ان کے مطابق جب بھی شاہین باؤلنگ کرتے ہیں تو محسوس ہوتا ہے کہ کچھ خاص ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہین میں وکٹیں لینے کی غیر معمولی صلاحیت موجود ہے اور ان کے خلاف بیٹنگ کرنا ہمیشہ ایک چیلنج ہوتا ہے۔

زمپا نے اپنے قریبی دوست اور پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہ ان کے ساتھ کافی کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ جبکہ آسٹریلوی ٹیم میں اپنے بہترین دوست کے طور پر انہوں نے نیتھن ایلس کا نام لیا اور خواہش ظاہر کی کہ وہ انہیں آئندہ سیزن میں کراچی کنگز کا حصہ بنتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

آسٹریلوی لیگ اسپنر نے 2023 ورلڈ کپ جیتنے کو اپنی زندگی کا بہترین لمحہ قرار دیا جبکہ افغانستان کے خلاف میچ میں گلین میکسویل کی شاندار اننگز کے دوران ڈریسنگ روم کے ماحول کو بھی یادگار قرار دیا۔

واضح رہے کہ ایڈم زمپا نے اپنی 34ویں سالگرہ بھی کراچی کنگز کے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے ساتھ ٹیم ہوٹل میں منائی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!