پی ایس ایل11، اسلام آباد کی شاندار فتح، پنڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست
157 رنز کا ہدف یونائیٹڈ نے 14.2 اوورز میں حاصل کر لیا، سمیرمنہاس کی دھواں دار اننگز

پی ایس ایل 11 کے بارہویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے راولپنڈیز 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
لاہور: راولپنڈیز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان پی ایس ایل 11 کا بارہواں میچ لاہور میں کھیلا گیا جس میں اسلام آباد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
راولپنڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز اسکور کیے، جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف کو باآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر 14.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔
اسلام آباد کی جانب سے سمیر منہاس عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 70 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ حیدر علی 26 اور مارک چیپ مین نے 24 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلوائی۔
اس سے قبل راولپنڈیز کی اننگز میں کامران غلام 50 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ ڈیان فورسٹر نے 44 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، عبداللہ فضل 23 اور ڈیرل مچل 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اسلام آباد کی جانب سے سلمان ارشاد، فہیم اشرف اور رچرڈ گلیسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں اور ایک وکٹ عماد وسیم کے حصے میں آئی۔۔



