پشاور : انٹر کلب ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کا آغاز
کھیلوں کی سہولیات مزید اپڈیٹ کی جائیں گی، تاج محمد ترند

انٹر کلب ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کا آغاز
کھیلوں کی سہولیات مزید اپڈیٹ کی جائیں گی، تاج محمد ترند
پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) پشاور میں انٹر کلب ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہےچیمپئن شپ میں پشاور ریجن کے آٹھ کلبوں کے 40 سے زائد کھلاڑی چھ مختلف کیٹیگریز میں حصہ لے رہے ہیں
اس سلسلے میں گزشتہ روز پشاور سپورٹس کمپلیکس کے جمنازیم ہال میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند تھے۔
انہوں نے فیتہ کاٹ کر چیمپئن شپ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر، اے ڈی سی ریلیف مہران، خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر ہارون ظفر، سیکرٹری ذوالفقار علی بٹ، پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر طارق پرویز، الیاس آفریدی، امجد خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس شاہ فیصل،
چیف کوچ شفقت اللہ، ریجنل سپورٹس آفیسر کاشف فرحان، صوبائی ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے صدر شیراز محمد اور ایڈمنسٹریٹر پشاور سپورٹس کمپلیکس یوسف آفریدی سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
تین روزہ چیمپئن شپ میں 55، 65، 73، 81، 89 اور 89 پلس کلوگرام کی کیٹیگریز میں مقابلے ہوں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی تاج محمد ترند نے کہا کہ ریجنل سطح پر مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد خوش آئند ہے۔ ایسے ایونٹس سے نہ صرف نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملتا ہے بلکہ نیا ٹیلنٹ بھی سامنے آتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائد کے ویژن کے مطابق کھیلوں کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ پشاور سپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی تمام سہولیات کو مزید جدید بنایا جائے گا
تاکہ نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔افتتاحی تقریب میں مہمانوں کو روایتی پگڑیاں پہنائی گئیں، جبکہ کھلاڑیوں نے شاندار ڈیمانسٹریشن پیش کی جسے حاضرین نے خوب سراہا۔



