حیدرآباد کنگس مین کے زیرِ اہتمام پاکستان جوجٹسو ٹیم کے اعزاز میں شاندار استقبالیہ

حیدرآباد کنگس مین کے زیرِ اہتمام پاکستان جوجٹسو ٹیم کے اعزاز میں شاندار استقبالیہ
کراچی: حیدرآباد کنگس مین کی مینجمنٹ کے زیرِ اہتمام پاکستان جوجٹسو ٹیم کی تاریخی کامیابی کے اعزاز میں ایک نہایت شاندار، پروقار اور باوقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
یہ تقریب حال ہی میں سری لنکا میں منعقدہ سینئر ایشین جوجٹسو چیمپئن شپ میں قومی ٹیم کی غیر معمولی کارکردگی کے اعتراف میں منعقد کی گئی، جہاں پاکستان نے 12 طلائی، 5 نقرئی اور 5 کانسی کے تمغے جیت کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔
تقریب میں حیدرآباد کنگس مین کے اعلیٰ عہدیداران، ٹیم مینجمنٹ، کھلاڑیوں اور معزز مہمانانِ گرامی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مہمانوں کے اعزاز میں ایک پرتکلف عشائیہ بھی دیا گیا، جہاں قومی ہیروز کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان کی شاندار کامیابیوں کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حیدرآباد کنگس مین کے ڈائریکٹرز کا کہنا تھا کہ ادارہ مستقبل میں بھی قومی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے ایتھلیٹس کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی جاری رکھے گا، تاکہ ملک میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کی مؤثر انداز میں نشوونما کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر پاکستان جوجٹسو ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جناب طارق علی نے حیدرآباد کنگس مین کی جانب سے دی جانے والی اس عزت افزائی پر دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی تقاریب کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرنے اور انہیں مزید بہتر کارکردگی کے لیے متحرک کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے ٹیم کی کامیابی کو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔
تقریب میں ڈائریکٹر آپریشنز اقرا فاروقی، ڈائریکٹر فرنچائز سلمان عباسی، ہیڈ آف آپریشنز علوی، شرجیل خان، صائم ایوب سمیت دیگر اہم شخصیات اور ٹیم ممبران بھی موجود تھے، جنہوں نے جوجٹسو ٹیم کے ساتھ وقت گزارا اور ان کی شاندار کامیابیوں کو سراہا۔
اس موقع پر پاکستان جوجٹسو فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل طارق علی نے حیدرآباد کنگس مین کے ڈائریکٹرز کو فیڈریشن کی جانب سے یادگاری سووینئرز پیش کیے۔
تقریب کے اختتام پر حیدرآباد کنگس مین کی مینجمنٹ نے قومی جوجٹسو کھلاڑیوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتے رہیں گے۔



