آل پاکستان جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں نے میدان مار لیا
سحرش علی اور دانش سکندر چیمپئن قرار، مشیر کھیل تاج محمد خان ترند نے انعامات تقسیم کیے

آل پاکستان جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں نے میدان مار لیا
سحرش علی اور دانش سکندر چیمپئن قرار، مشیر کھیل تاج محمد خان ترند نے انعامات تقسیم کیے
پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام منعقدہ آل پاکستان نیشنل جونیئر سکواش چیمپئن شپ 2026 کے فائنلز میں خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں اور خواتین دونوں کیٹیگریز کے ٹائٹلز اپنے نام کر لیے۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان خیبرپختونخوا تاج محمد خان ترند تھے، جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر، ڈائریکٹر آپریشنز جمشید بلوچ، سابق ورلڈ نمبر دو محب اللہ خان، ڈپٹی ڈائریکٹر کاسف فرحان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اشفاق احمد، سینئر کوچ و آرگنائزنگ سیکرٹری منور زمان، وزیر خان، ایڈمنسٹریٹر یوسف آفریدی اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
خواتین کے فائنل میں خیبرپختونخوا کی سحرش علی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ماہ نور علی کو 3-2 سے شکست دے کر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
مردوں کے فائنل میں بھی خیبرپختونخوا کے دو کھلاڑی مدِمقابل تھے، جہاں دانش سکندر نے محمد فواد خان کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کیا اور چیمپئن قرار پائے۔
اس سے قبل خواتین کے پہلے سیمی فائنل میں ماہ نور علی نے پنجاب کی عائشہ شاہد کو جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں سحرش علی نے پنجاب کی فائقہ فدا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
مردوں کے سیمی فائنلز میں دانش سکندر نے پاکستان ایئر فورس کے محمد مامون خان کو شکست دی، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں محمد فواد خان نے پاک آرمی کے فیضان علی خان کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد خان ترند نے کہا کہ یہ خوش آئند امر ہے کہ آل پاکستان جونیئر سکواش چیمپئن شپ کے مردوں اور خواتین دونوں ٹائٹلز خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں نے جیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سکواش کے میدان میں خیبرپختونخوا ہمیشہ سے زرخیز خطہ رہا ہے اور ماضی میں بھی صوبے کے کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔
انہوں نے فاتح کھلاڑیوں کے لیے ایک، ایک لاکھ روپے جبکہ رنر اپ کھلاڑیوں کے لیے پچاس، پچاس ہزار روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔



