
ناصر اقبال نے پی ایس اے سندھ چیلنجر اسکواش چیمپئن شپ جیت لی
فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد عبداللہ نواز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا
مہمان خصوصی سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان نے انعامات تقسیم کیے
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) سندھ اسکواش ایسوسی کے زیر اہتمام پی ایس اے سندھ چیلنجر اسکواش چیمپئن شپ کا میلہ اختتام پذیر ہوگیا ۔ جہانگیر خان اسپورٹس کلب میں فائنل میں ناصر اقبال اور عبداللہ نواز کے درمیان اڑتالیس منٹ دلچسپ مقابلہ ہوا۔
پہلے گیم میں عبداللہ نے گیارہ چھ سے برتری حاصل کی ۔ لیکن تجربہ کار ناصر اقبال نے ایک گیم کے خسارے میں جانے کے باوجود شاندار فائیٹ بیک کیا ۔ اور اگلے تینوں گیمز میں تیرہ گیارہ ، گیارہ دو اور گیارہ نو سے فتح سمیٹی ۔
چھ ہزار ڈالر انعامی رقم کے ایونٹ میں فاتح کھلاڑی ناصر اقبال کو نو سو پچاس ڈالر اور ٹرافی دی گئی رنر اپ عبداللہ نواز چھ سو ڈالر اور ٹرافی کے حق دار بنے۔
سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان اور زبیر جہاں خان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے ۔ جہانگیر خان نے دونوں فائنلسٹ کھلاڑیوں کو شاباش دی۔ جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں تواتر سے اسکواش چیمپئن شپ کا انعقاد خوش آئند ہے ۔
سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر عدنان اسد بڑی مالیت کے ٹورنامنٹ کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ۔ مستقبل قریب میں بڑے اسکواش ٹورنامنٹ کراچی میں ہوں گے ۔
اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی محنت جاری رکھیں تاکہ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرکے لاس انجلس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر سکیں۔



