میکسیکو سٹی میں رنگا رنگ تقریب کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا شاندار آغاز
صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی کی قیادت میں دو رکنی پاکستانی وفد نے بھی فیفا ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب اور آفیشل ڈنر میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

میکسیکو سٹی میں رنگا رنگ تقریب کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا شاندار آغاز؛
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی کی قیادت میں دو رکنی پاکستانی وفد نے بھی فیفا ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب اور آفیشل ڈنر میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن (PFF) کے صدر سید محسن گیلانی کی قیادت میں دو رکنی پاکستانی وفد نے افتتاحی تقریب اور آفیشل ڈنر میں شرکت کی۔ وفد میں چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) شاہد نیاز کھوکھر بھی شامل تھے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میکسیکو کے صدر نے عزم ظاہر کیا کہ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر تاریخ کے سب سے بڑے عالمی فٹ بال ایونٹ کی مثالی میزبانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ 2026 کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
فیفا کے صدر Gianni Infantino نے شاندار انتظامات پر میکسیکو، امریکہ اور کینیڈا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخ کا سب سے بڑا اور بہترین فیفا ورلڈ کپ ثابت ہوگا جو دنیا بھر کے فٹ بال شائقین کو مسحور کر دے گا۔
ورلڈ کپ کے موقع پر پاکستانی وفد نے مختلف ممالک کی فٹ بال ایسوسی ایشنز کے حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔ صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی نے عالمی فٹ بال قیادت کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور، کھیل کے فروغ اور مستقبل کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
فٹبال ورلڈ کپ کا آغاز: وزیرِ اعظم شہباز شریف کا دنیا بھر کے شائقین کو مبارکباد کا پیغام
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے 23ویں فیفا ورلڈ کپ کے آغاز پر دنیا بھر کے فٹبال شائقین کو مبارکباد دی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ کھیل ایک ایسی چیز ہے جو مختلف ملکوں اور ثقافتوں کے لوگوں کو آپس میں جوڑتی ہے۔
وزیرِ اعظم نے میگا ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے والے ممالک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو اور اس میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نے خاص طور پر اس بات کا ذکر کیا کہ اس عالمی میلے میں پاکستان کا نام بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ورلڈ کپ میں کھیل کے لیے استعمال ہونے والی آفیشل فٹ بال ’ٹریونڈا‘ پاکستان میں بنائی گئی ہے۔
یہ ٹورنامنٹ کئی لحاظ سے تاریخی اہمیت کا حامل ہے:
تین میزبان ممالک: یہ تاریخ کا پہلا ورلڈ کپ ہے جس کی میزبانی مشترکہ طور پر تین ممالک میکسیکو، امریکہ اور کینیڈا کر رہے ہیں۔
ٹیموں کی ریکارڈ تعداد: اس بار ٹورنامنٹ میں روایتی 32 ٹیموں کے بجائے پہلی مرتبہ 48 ٹیمیں ٹرافی کے لیے ایک دوسرے کے سامنے ہوں گی۔
ایسٹادیو ازٹیکا کا اعزاز: میکسیکو سٹی کا یہ اسٹیڈیم دنیا کا پہلا اسٹیڈیم بن گیا ہے جس نے تین مختلف ورلڈ کپ مقابلوں (1970، 1986 اور اب 2026) کے افتتاحی میچوں کی میزبانی کی ہے۔
افتتاحی میچ میں روایتی جوش و خروش اور میکسیکن ثقافت کے خوبصورت رنگ دیکھنے کو ملے، جس نے دنیا بھر کے فٹ بال شائقین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔ اب اگلے چند ہفتوں تک دنیا بھر کی نظریں اسی میگا ایونٹ پر لگی رہیں گی!



