اسلام آباد میں پاک-قازقستان باکسنگ ڈویلپمنٹ کلینک کا باضابطہ آغاز،
قازق کوچز پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد میں پاک-قازقستان باکسنگ ڈویلپمنٹ کلینک کا باضابطہ آغاز، قازق کوچز پاکستان پہنچ گئے
اسلام آباد ; اسلام آباد میں پاک-قازقستان باکسنگ ڈویلپمنٹ کلینک کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت قازقستان کے دو ماہر کوچز تربیتی پروگرام کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں.
جہاں وہ پاکستانی باکسرز اور کوچز کو جدید تکنیکی مہارتوں کی تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی مقابلوں کی منظم تیاری اور عالمی معیار کے اسپارنگ پارٹنرز کے ساتھ پریکٹس کے مواقع بھی فراہم کریں گے۔
اس موقع پر پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر ناصر اعجاز نے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ کے شعبے میں بے پناہ صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی موجود ہیں اور اس پروگرام سے نوجوان باکسرز کو عالمی معیار کے تربیتی ماحول، جدید سہولیات اور بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے نئے مواقع ملیں گے۔
دوسری جانب قازقستان کے سفیر یرژان کسٹافن نے پاکستانی ٹیلنٹ کی تعریف کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کا ملک پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گا
اور قازق کوچز کی آمد دونوں ممالک کے کھیلوں کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی؛ انہوں نے یہ اہم اِنکشاف بھی کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف رواں سال قازقستان کا دورہ کریں گے۔



