کرکٹ

ٹیم میں 7 تبدیلیوں پر بابر اعظم بھی حیران، کپتان نے پی سی بی کے فیصلے کو تسلیم کرلیا

ٹیم میں 7 تبدیلیوں پر بابر اعظم بھی حیران، کپتان نے پی سی بی کے فیصلے کو تسلیم کرلیا

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹیم میں حالیہ تبدیلیوں پر پہلی بار کھل کر بات کردی۔بابر اعظم کا کہنا ہے کہ سات کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کرنے کے فیصلے پر انہیں بھی حیرت ہوئی، تاہم پی سی بی نے یہ فیصلہ یقیناً سوچ سمجھ کر کیا ہوگا اور وہ بورڈ کے فیصلوں کو تسلیم کرتے ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے ایک روز قبل ایجبسٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے قومی ٹیم میں حالیہ تبدیلیوں اور لارڈز ٹیسٹ کے بعد 7 کھلاڑیوں کو ڈراپ کیے جانے کے فیصلے پر بات کی۔

قومی ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ ٹیم میں تبدیلیوں پر انہیں بھی حیرت ہوئی، انہیں اس بارے میں بعد میں علم ہوا، تاہم وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلوں کو تسلیم کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب نتائج اچھے نہ ہوں تو ٹیم میں تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں اور پی سی بی نے بھی کچھ سوچ سمجھ کر ہی فیصلہ کیا ہوگا۔بابر اعظم نے کہا کہ ان تبدیلیوں کی وجوہات کے بارے میں بورڈ ہی زیادہ بہتر طور پر بتا سکتا ہے۔

بطور سینئر کھلاڑی ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ مختلف کنڈیشنز میں اپنی کارکردگی دکھائیں اور ٹیم کے لیے کردار ادا کریں۔لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کو 194 رنز سے شکست کے حوالے سے بابر اعظم نے اعتراف کیا کہ قومی ٹیم تینوں شعبوں میں متاثر کن کارکردگی پیش کرنے میں ناکام رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ بطور ٹیم وہ آخری میچ میں اچھا نہیں کھیل سکے اور اسی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اگرچہ ٹیسٹ سیریز ہار چکا ہے، تاہم ٹیم کی خواہش ہے کہ سیریز کا اختتام اچھے انداز میں کیا جائے۔

تیسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم مثبت اور اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرے گی۔ایجبسٹن گراؤنڈ کے حوالے سے بابر اعظم نے کہا کہ یہ میدان ان کے لیے لکی رہا ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ یہاں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بطور سینئر کھلاڑی ذمہ داری لینا پڑتی ہے اور مختلف کنڈیشنز میں پرفارم کرنا ضروری ہے۔تیسرے ٹیسٹ کی پلیئنگ الیون سے متعلق بابر اعظم نے بتایا کہ ٹیم کا کمبینیشن تقریباً طے کرلیا گیا ہے

اور کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین ٹیم میدان میں اتاری جائے گی۔قومی اسکواڈ میں شامل کیے جانے والے نئے کھلاڑیوں کے حوالے سے کپتان نے کہا کہ ان کے لیے یہ دباؤ نہیں بلکہ خود کو ثابت کرنے کا بہترین اور شاندار موقع ہے۔

نئے کھلاڑیوں کو اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔اپنی کارکردگی پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے بابر اعظم نے کہا کہ جب آپ پرفارم نہیں کرتے تو باتیں ہوتی ہیں،

تاہم اگر آخری سیریز کی کارکردگی دیکھی جائے تو وہ مین آف دی سیریز رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل کوئی نہیں، نئے کھلاڑیوں کے لیے بھی یہ بہترین موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتیں ثابت کریں۔

بابر اعظم نے واضح کیا کہ موجودہ صورتحال میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ کھلاڑی اپنی ذمہ داری نبھائیں اور مختلف حالات میں ٹیم کے لیے مؤثر کارکردگی پیش کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!