
ایشین گیمز ویمنز کرکٹ، سری لنکا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی
ایشین گیمز ویمنز کرکٹ کے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
جاپان کے شہر ناگویا میں جاری ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے عائشہ ظفر نے 71 جبکہ شوال ذوالفقار نے 54 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ دونوں بیٹرز کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 115 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی،
جس کی بدولت قومی ٹیم ایک مضبوط مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب رہی۔ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 17.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنا کر میچ اپنے نام کرلیا۔
سری لنکن کپتان چماری اتاپتو نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ ہاسینی پریرا نے 42 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
یوں پاکستان کی جانب سے دیا گیا 178 رنز کا ہدف سری لنکا نے باآسانی حاصل کرکے فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی، جبکہ پاکستانی بولرز ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔
ایشین گیمز ویمنز کرکٹ کا دوسرا سیمی فائنل بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔
اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں سری لنکا کا سامنا کرے گی، جبکہ شکست کھانے والی ٹیم پاکستان کے خلاف تیسری پوزیشن اور کانسی کے تمغے کے لیے میدان میں اترے گی۔
سری لنکا کی کامیابی نے فائنل کی دوڑ واضح کردی، جبکہ پاکستان اب کانسی کے تمغے کے لیے اگلے اہم مقابلے میں ایکشن میں ہوگا۔



