
راوی کپ ایشین جونیئر ٹینس: ایان اور شاہ نور نے انڈر 12 سنگلز اور ڈبلز ٹائٹلز اپنے نام کر لیے
لاہور: اسپورٹس بورڈ پنجاب ٹینس اکیڈمی، نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ "راوی کپ اے ٹی ایف ایشین جونیئر ٹور انڈر 12 ٹورنامنٹ 2026” اختتام پذیر ہو گیا۔
ایونٹ میں فاطمہ گروپ کے محمد ایان اور ایل جی ایس کی شاہ نور عمر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو، دو ٹائٹلز اپنے نام کیے۔
بوائز انڈر 12 سنگلز فائنل میں محمد ایان نے محمد ابراہیم حسین گل کو 5-7 اور 1-6 سے شکست دے کر ٹائٹل جیتا۔ اس سے قبل ایان اور ابراہیم گل کی جوڑی نے ڈبلز فائنل میں مصطفیٰ عزیر رانا اور دانیال عبداللہ کو 2-6 اور 4-6 سے ہرا کر ٹرافی حاصل کی۔
گرلز انڈر 12 سنگلز فائنل میں شاہ نور عمر نے شہرین عمر کو 0-6 اور 2-6 سے مات دے کر دوسرا ٹائٹل جیتا، جبکہ اس سے قبل دونوں نے مل کر ڈبلز فائنل میں امالیہ ایڈریس اور زارا ایڈریس کو 3-6 اور 3-6 سے شکست دی تھی۔
اختتامی تقریب کی مہمانِ خصوصی سی ای او چغتائی انسٹیٹیوٹ آف لیڈرشپ اینڈ لرننگ، ڈاکٹر مریم چغتائی تھیں۔ تقریب میں سیکرٹری اسپورٹس پنجاب فضل الرحمٰن، سابق سیکرٹری پاکستان ٹینس فیڈریشن کرنل (ر) آصف ڈار اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
ڈاکٹر مریم چغتائی نے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور ایونٹ سپروائزر انیقہ قاضی کی کاوشوں کو سراہا۔
سیکرٹری اسپورٹس پنجاب نے کامیاب کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ٹینس کی ترقی کے لیے حکومتی تعاون اور عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔



