
پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کے لیے بڑی خوشخبری، آسٹریلیا نے 5 ٹیسٹ کی پیشکش کر دی
کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف طویل ٹیسٹ سیریز کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جاسکتی ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان طویل ٹیسٹ سیریز کے لیے ایک ممکنہ حریف ہے اور آسٹریلیا میں پاکستانی تارکین وطن کی بڑی تعداد بھی دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ روابط کو مزید مضبوط بنانے کی اہم وجہ ہے۔
ٹوڈ گرین برگ کے مطابق آسٹریلیا پاکستان کی 5 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے لیے میزبانی کرسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی میزبانی میں طویل ٹیسٹ سیریز کا انعقاد ایک قابلِ غور امکان ہے، جس سے دونوں ٹیموں کے درمیان کرکٹ مقابلوں کو مزید وسعت دی جاسکتی ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نے آئندہ عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے کے امکان پر بھی بات کی۔ ان کے مطابق اگلے دورانیے میں 12 ٹیموں کو عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ بنانا اب ایک قابلِ عمل تصور کے طور پر سامنے آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2 سالہ عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دورانیے میں زمبابوے، افغانستان اور آئرلینڈ کو بھی شامل کرنے کی گنجائش موجود ہے، جس سے ٹیسٹ کرکٹ میں مزید ٹیموں کو اعلیٰ سطح پر کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم دسمبر 2027 میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز شیڈول ہیں۔ موجودہ پروگرام کے مطابق یہ سیریز 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل ہوگی،
تاہم کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے مستقبل میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ مقابلوں کی تعداد بڑھانے کی خواہش سامنے آئی ہے۔



