سعید اجمل کی ریٹائرمنٹ کے بعد پی سی بی اورآئی سی سی پر تنقید


قومی کرکٹ ٹیم کے جادوگراسپنر سعید اجمل نے نم آنکھوں کے ساتھ پاکستان میں تمام قسم کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ گزشتہ روز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کا سیمی فائنل ان کا پاکستان میں آخری میچ تھا۔ میچ کے بعد ساتھی کھلاڑیوں نے سعید اجمل کو شاندار انداز میں رخصت کیا۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سعید اجمل نے جہاں سپورٹ کرنے پر سب کا شکریہ ادا کیا وہیں پی سی بی سے شکوہ بھی کرڈالا۔ سعید اجمل نے کہا کہ بورڈ نے ایکشن کی درستگی کیلئے بہت سپورٹ کیا لیکن ان کا کیس صحیح طریقے سے آئی سی سی میں پیش نہیں کیا۔ جس پرانہیں افسوس ہے ایکشن تبدیل کرنے کے بعد انہیں مواقع بھی نہیں دیئے گئے۔

آف اسپنر نے آئی سی سی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ سعید اجمل نے کہا کہ ان کے ایکشن پرتو پابندی لگائی گئی لیکن اگر آئی سی سی موجودہ بولنگ ایکشن قانون کے تحت بولرز کے ٹیسٹ لے تو90 فیصد بولرز ٹیسٹ میں ناکام ہونگے۔ آئی سی سی سب کے ساتھ برابری کا سلوک کرے صرف پاکستان کو نشانہ نہ بنایا جائے۔ محمد حفیظ کے ایکشن میں بھی کوئی خرابی نہیں پی سی بی ان کے لئے آواز بلند کرے۔

سعید اجمل پریس کانفرنس کے دوران آبدیدہ بھی ہوئے۔ آف اسپنر نے35 ٹیسٹ میچز میں178 وکٹیں،113 ون ڈے میچز میں184 جبکہ64 ٹی ٹوئنٹی میں85 وکٹیں حاصل کیں۔

تعارف: zohaib waqar

error: Content is protected !!