چار روزہ چیمپئن شپ میں 8کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں
لاہور(سپورٹس لنک)سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام قائداعظم ڈے کے حوالے سے ووشو اینڈ ڈاٹ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب جمنیزیم ہال میں منعقد ہوئی، ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس زاہد حسین نے افتتاح کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن جاوید رشید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو، ڈپٹی ڈائریکٹر حفیظ بھٹی، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ندیم قیصر، ضلعی سپورٹس آفیسر قصور رئوف باجوہ اور دیگر بھی موجود تھے، افتتاحی تقریب میں ٹرافی کی رونمائی ڈائریکٹر ایڈمن جاوید رشید چوہان اور ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ نے کی،افتتاحی تقریب کھلاڑیوں نے جمناسٹک،ووشو، ایروبکس اور ڈاٹ کے کھیل کا بہترین مظاہرہ کیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زاہد حسین نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ پاکستان کے ہر شعبہ زندگی میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، اس بات کا ثبوت ووشو چیمپئن شپ ہے جس میںسینکڑوں لڑکے اور لڑکیاں حصہ لے رہے ہیں،جن کی کارکردگی سے پنجاب کے ٹیلنٹ کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی سربراہی میں سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کررہا ہے،دوسری بین الصوبائی قائداعظم گیمز 2017ء کا انعقاد سپورٹس کی ترقی کیلئے اہم قدم ہے جس میں نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے پلیٹ فارم میسر آئے گا۔
ڈائریکٹر ایڈمن جاوید رشید چوہان کا کہنا تھا کہ چیمپئن شپ کا انعقاد کھلاڑیوں کیلئے دوسری بین الصوبائی قائداعظم گیمز 2017ء کی تیاری میں مددگار ثابت ہوگا، سپورٹس بورڈ پنجاب کھلاڑیوں کو جدید اور عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کررہا ہے تاکہ کھلاڑی اپنے کھیل کو مزید نکھار سکیں، افتتاحی تقریب میں کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل تحسین ہے، ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ نے کہا کہ ووشو کے کھیل میں نوجوانوں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے اور اس سے نوجوان کسی بھی ہنگامی حالت میں اپنا دفاع بھی کرسکتے ہیں، کھلاڑیوں سے مکمل تعاون کررہے ہیں اور امید کرتے ہیں ہمارے کھلاڑی عالمی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
چار روزہ چیمپئن شپ میں 8ڈویژنز لاہور، گوجرانوالہ، ساہیوال، فیصل آباد، سرگودھا، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔