شارجہ: ٹی 10 لیگ کے دوسرے میچ میں پختونز کی ٹیم نے شاہد آفریدی کی ہیٹ اور فخر زمان کی 45 رنز کے بدولت مراٹھا عربینز کو شکست دے کر پہلا میچ اپنے نام کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق شارجہ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وریندر سہواگ کی مراٹھا عربینز اور پاکستان کے سابق ٹی ٹوئنٹی کے کپتان شاہد آفریدی کی پختونز مدمقابل تھیں۔
وریندر سہواگ نے ٹاس جیت کر پختونز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، شاہد آفریدی نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ مراٹھا عربینز کو اچھا ٹارگٹ دینے کی کوشش کریں گے۔
مراٹھا عربینز کے باؤلر عماد وسیم نے پہلے ہی اوور میں 2 کھلاڑیوں احمد شہزاد اور ڈیوائن اسمتھ کو پویلین کی راہ دکھائی مگر نئے آنے والے بلے بازوں نے جارحانہ انداز میں کھیل پیش کیا اور مراٹھا کی ٹیم کو جیت کے لیے 122 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں مراٹھا عربینز کی ٹیم کو اچھی اوپننگ ملی مگر پختونز کے باؤلر اور خصوصا آفریدی کی ہیٹ ٹرک نے کھیل کو ابتدائی اوور میں ہی قابو کرلیا تھا۔