ٹی10 لیگ میں حسن علی کی شاندار باؤلنگ کے باوجود سرفراز احمد کی بنگال ٹائیگرز نے پنجابی لیجنڈز کو تین وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔پنجابی لیجنڈز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو انہیں ابتدا میں ہی لیوک رونچی کی اہم وکٹ سے محروم ہونا پڑا لیکن اس کے بعد عمر اکمل اور شعیب ملک نے عمدہ بیٹنگ سے ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا۔عمر اکمل نے 25 گیندوں پر دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 38 جبکہ شعیب نے 15 گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے اور دونوں نے دوسری وکٹ کیلئے 71 رنز جوڑے۔پنجابی لیجنڈز نے 6.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 80 رنز بنائے تھے اور بڑے سکور کی جانب گامزن نظر آتے تھے لیکن دونوں کھلاڑیوں کے یکے بعد دیگرے پویلین لوٹنے کے سبب لیجنڈز کی ٹیم یکدم ڈھےگئی اور مقررہ اوورز میں چھ وکٹ پر صرف 99 رنز بنا سکی۔ ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرز کو حسن علی کی شاندار باؤلنگ کے سبب شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز نہ کھیل سکا لیکن اختتامی اوورز میں عامر یامین، انور علی اور محمد نوید کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پانچ گیند قبل ہی سات وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا اور ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔عامر یامین پانچ گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے 18 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ کپتان سرفراز احمد اور ڈیوڈ ملر 15، انور علی 14 اور محمد نوید گیارہ رنز بنا کر نمایاں رہے۔حسن علی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو اوورز میں صرف سات رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔