دبئی:آئندہ سال ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے اور ایشین کرکٹ کونسل اب تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا ہے۔
دبئی میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا اجلاس ہوا تاہم بھارت کے انکار کے بعد ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کس ملک میں کرایا جائے اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ستمبر 2018 میں بھارت میں طے تھا لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹورنامنٹ کی میزبانی پر ہچکچاہٹ ظاہر کی گئی ہے البتہ اب تک بھارت سے باضابطہ طور پر ٹورنامنٹ کی میزبانی واپس نہیں لی گئی ہے۔
بھارت کا ایشیا کرکٹ کپ کی میزبانی سے انکار
دبئی میں ہونیوالے اے سی سی کے اجلاس میں بھی اس حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔
ایشین کرکٹ کونسل کو بی سی سی آئی کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ اسے اب تک اپنی حکومت سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی موجودگی میں ٹورنامنٹ کی میزبانی کی اجازت نہیں ملی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی یہی کہنا ہے کہ اسے حکومت پاکستان سے بھارت میں جاکر ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت اب تک نہیں ملی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں یہ خبریں منظر عام پر آئی تھیں کہ بھارت نے پاکستان کی وجہ سے ایشیا کرکٹ کپ کی میزبانی سے انکار کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ بی سی سی آئی کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اگر ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے بھارت آتی ہے تو وہ ایسی صورتحال میں ایشیا کپ کی میزبانی نہیں کر سکتے۔