تمام کرکٹرز یوگنڈا میں محفوظ اور خوش ہیں۔ سعید اجمل

قومی ٹیم کے سابق مایہ ناز اسپنر سعید اجمل نے یوگنڈا میں پاکستانی کرکٹرز کے پھنسنے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام کرکٹرز یہاں محفوظ اور خوش ہیں۔

سعید اجمل دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کے ہمراہ یوگنڈا میں موجود ہیں جہاں ان تمام کھلاڑیوں کو ایفرو ٹی20 لیگ میں شرکت کرنا تھی لیکن چند میچز کے بعد مالی معاملات میں بدعہدی پر لیگ کو منسوخ کردیا گیا۔

لیگ میں فاسٹ باؤلر عمران خان اور یاسر حمید سمیت پاکستان کے سابق اور ڈومیسٹک کرکٹ کے موجودہ کھلاڑیوں نے شرکت کی جن سے وعدہ کیا گیا تھا کہ ان کی آدھی رقم ایڈوانس میں ہی ادا کی جائے گی لیکن اس کے برعکس چند میچز گزرنے کے باوجود کھلاڑیوں کو رقم ادا نہیں کی گئی جس پر پاکستانی کھلاڑیوں نے مزید میچز کھیلنے سے انکار کردیا جس کے باعث اسپانسرز نے بھی ایونٹ سے ہاتھ اٹھا لیے اور منتظمین کو ایونٹ منسوخ کرنا پڑا۔

اس مسئلے کا آغاز اس وقت ہوا جب لیگ کی منسوخی کے بعد بدھ کو کرکٹرز نے واپسی کی فلائٹ میں سوار ہونے کی کوشش کی لیکن انہیں یہ جان کر شدید مایوسی ہوئی کہ لیگ کے ایجنٹ کی جانب سے انہیں جاری کیے گئے ٹکٹ بلاک کردیے گئے ہیں۔

تاہم اس کے باوجود سعید اجمل کا کہنا ہے کہ کھلاڑی یوگنڈا میں کسی بھی قسم کی مشکل میں نہیں ہیں اور ان کے پاس خرچ کیلئے رقم کے ساتھ ساتھ یوگنڈا کرکٹ ایسوسی ایشن کی مکمل حمایت بھی حاصل ہے۔

انہوں نے اپنے گروپ کے ہمراہ تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ہم سب محفوظ اور مشرقی افریقہ میں مزے کر رہے ہیں۔

حال ہی میں ریتائر ہونے والے اسپنر نے کہا کہ تمام کھلاڑی اپنے ہوٹل کے کمروں میں بالکل پرسکون ہیں اور ان کی ممکنہ طور پر جمعرات کو وطن واپسی ہو گی۔

سعید اجمل کو امید ہے کہ یوگنڈا کے کرکٹ حکام اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی مدد سے کھلاڑیوں کے واجبات جلد ادا کر دیے جائیں گے۔

تعارف: newseditor

error: Content is protected !!