اسلام آباد: پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام دوسرے قائد اعظم بین الصوبائی گیمز میں خیبرپختونخوا نے ویمنز ٹیم سکوائش ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیت لیا، فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں پنجاب کو شکست فاش سے دوچار کیا۔ جمعرات کو مصحف علی سکوائش کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے گئے ویمنز ٹیم سکوائش ایونٹ کے فائنل میں خیبرپختونخوا کی کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب کی ٹیم کو 3-0 سے ہرا کر سونے کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، پہلے سنگل مقابلے میں خیبرپختونخوا کی لائبہ اعجاز نے پنجاب کی طیبہ کو ہرا کر ٹیم کو برتری دلائی، خیبرپختونخوا کی ہیرا نے دوسرے سنگل مقابلے میں پنجاب کی صالحہ کو ہرا کر ٹیم کی برتری دوگنی کر دی، تیسرے سنگل مقابلے میں خیبرپختونخوا کی نمرا نے پنجاب کی صبغہ کو ہرا کر ٹیم کو 3-0 سے کامیابی دلائی کر سونے کا تمغہ دلوایا۔ واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کی لائبہ اعجاز اس سے قبل رواں قائد اعظم گیمز میں سکوائش ایونٹ میں ویمنز سنگل ٹائٹل بھی اپنے نام کیا تھا۔