آزاد کشمیر کے 22 سالہ نوجوان فاسٹ بولر سلمان ارشاد کو لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
سلمان ارشاد کو لاہور قلندرز نے ایکسٹینڈ اسکواڈ میں بطور ایمرجنگ ٹیلنٹ شامل کیا ہے جب کہ انہیں رائزنگ اسٹار پروگرام کے دوران آزاد کشمیر میں ہونیوالے ٹرائلز میں دریافت کیا گیا تھا۔
سلمان ارشاد نے لاہور قلندرز رائزنگ اسٹارز ٹیم کے ساٹھ آسٹریلیا کا دورہ بھی کیا تھا جہاں ان کی شاندار بولنگ سے متاثر ہوکر گریڈ کرکٹ کے کلب ہاکسبیری نے بھی معاہدے کی پیش کش کی ہے۔
سلمان ارشاد اب پاکستان سپر لیگ میں اپنے جوہر دکھانے کو تیار ہیں اورنجی ٹی چینل سے گفتگو میں سلمان کہتے ہیں کہ لاہور قلندرز نے انہیں کشمیر کی وادی سے پی ایس ایل کے اسٹیج تک پہنچادیا جس پر وہ بے حد خوش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کی مینجمنٹ نے انہیں بہت اعتماد دیا ہے اور پی ایس ایل میں وہ اس اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔
سلمان ارشاد نے بتایا کہ پی ایس ایل ٹیم میں منتخب ہونے کے بعد انہیں پورے کشمیر سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہوئے ہیں جس نے اس دن کو ان کیلئے سب سے خوشگوار بنادیا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے بھی سلمان ارشاد کی لاہور قلندرز میں شمولیت اور فرنچائز کے آزاد کشمیر میں اقدامات کو سراہا۔
ایک پیغام میں راجہ فاروق نے کہا کہ لاہور قلندرز نے اپنا وعدہ پورا کردکھایا جس طرح سے سلمان ارشاد کو موقع ملا ہے، امید ہے دیگر کھیلوں میں بھی کشمیری کھلاڑیوں کو آگے لایا جائے گا۔
اپنے پیغام میں وزیر اعظم کشمیر نے جیو کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔
ادھر لاہور قلندرز فرنچائز کے سی ای او رانا عاطف نے جیو نیوز کو بتایا کہ سلمان ارشاد کی سلیکشن سے ثابت ہوتا ہے کہ کرکٹ پورے پاکستان کو آپس میں جوڑتا ہے۔
رانا عاطف نے کہا کہ قلندرز کا مقصد تھا کہ ہر علاقے کے کھلاڑی کو موقع دیا جائے اور اس مقصد کے تحت ہی کشمیر میں ٹرائلز ہوئے جہاں سلمان ارشاد انہیں ملے۔