اسلام آباد: کرکٹ کے میدان میں سیاست کرنے کا بھارتی سلسلہ جاری ہے اور بھارتی وزارت خارجہ نے تاحال پانچویں عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کے لیے بھارتی بلائنڈ کر کٹ ٹیم کو این او سی جاری نہیں کیا۔
پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے بتایا کہ ورلڈ کپ میں شرکت کی غرض سے پاکستان آنے کیلئے بھارتی بلائنڈ کر کٹ ٹیم نے آٹھ نومبر کو بھارتی وزارت خارجہ میں این او سی کیلئے اپلائی کیا تھا تاہم انہوں نے تا حال بھارت بلائنڈ ٹیم کو این او سی جاری نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بلائینڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) نے 35رکنی بھارتی وفد کے ویزے کے حصول کیلئے متعلقہ دستاویزات پاکستانی وزارت داخلہ میں جمع کرائی ہیں اور امید ہے کہ ایک دو روز میں انہیں ویزے مل جائیں گے۔
سید سلطان شاہ نے کہا کہ عالمی بلائینڈ کرکٹ کپ 7سے21جنوری 2018ء تک پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائیگا اور ایونٹ کی افتتاحی تقریب سات جنوری 2018 کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں بیک وقت ہوگی۔
عالمی بلائینڈ کرکٹ کپ میں سات ممالک کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جس میں میزبان پاکستان، بھارت، نیپال، بنگلہ دیش، آسٹریلیا، سری لنکا اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔
پاکستان، بھارت، نیپال اور بنگلہ دیش اپنے، اپنے افتتاحی میچز پاکستان میں کھیلیں گے جبکہ آسٹریلیا، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں اپنے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلیں گی۔
ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے بنگلہ دیش کی ٹیم 4جنوری، نیپال 5جنوری اور بھارت کی ٹیم بھارتی وزارت خارجہ سے کلیئرنس ملنے کی صورت میں 6جنوری کو پاکستان کے دورے پر آئے گی ۔