چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو توہین عدالت کا نوٹس


لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا گیا۔لاہور ہائی کورٹ کے ملتان بینچ نے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا ہے اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر 15 روز میں جواب طلب کیا گیا ہے۔ ملتان کے کرکٹ آرگنائزر علاؤالدین نے ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن لودھراں کے سیکریٹری عقیل احمد اور صدر راؤ عمر جاوید کے تقرر کو چیلنج کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا لیکن ڈپٹی چیف الیکشن کمیشن نے ٹال مٹول سے کام لیا جس پر علاؤالدین نے لاہور ہائی کورٹ کے ملتان بینچ سے رجوع کیا۔عدالت نے پی سی بی کے ڈپٹی چیف الیکشن کمیشن کو مذکورہ عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تاہم پی سی بی نے کوئی پیش رفت نہیں کی، درخواست گزار نے لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ میں ایک اور درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ پی سی بی حکام 9ماہ گزرنے کے باوجود عدالت عالیہ کے احکامات کو نظر انداز کر رہے ہیں جس پر جسٹس مرزا وقاص رؤف نے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 15 روز میں جواب طلب کرلیا ہے۔

تعارف: newseditor