ڈھاکہ(سپورٹس لنک رپورٹ)سری لنکن ٹیم دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 222 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، کوسل مینڈس اور روشن سلوا کے سوا آئی لینڈرز کا کوئی بھی کھلاڑی بنگال ٹائیگرز کے باؤلرز کا مقابلہ نہ کر سکا، مینڈس 68 اور سلوا 56 رنز بنا کر نمایاں رہے، عبدالرزاق اور تیجل اسلام نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے، پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو بنگال ٹائیگرز نے 4 وکٹوں پر 56 رنز بنائے تھے اور اسے سری لنکا کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 166 رنز درکار ہیں، لٹن داس 24 اور مہدی حسن میراز 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، سرنگا لکمل نے 2 وکٹیں لیں۔جمعرات کو شروع ہونے والے آخری ٹیسٹ میچ میں سری لنکن قائد دنیش چندیمل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 222 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، کوسل مینڈس اور روشن سلوا کے سوا آئی لینڈرز کا کوئی بھی کھلاڑی بنگلہ دیشی باؤلرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا، مینڈس نے 68 اور سلوا نے 56 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، کرونارتنے 3، دھانن جایا ڈی سلوا 19، گونا تھلیکا 13، کپتان چندیمل صفر، نیروشن ڈکویلا 1، تھسارا پریرا 31، دانن جایا 20 اور رنگنا ہیراتھ 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عبدالرزاق اور تیجل اسلام نے 4، 4، مستفیض الرحمان نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم بھی پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے، بنگال ٹائیگرز کی اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا، لکمل نے پہلے ہی اوور میں تمیم اقبال کو آؤٹ کر کے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کی کمر توڑ دی، تمیم 4 رنز بنا کر چلتے بنے، مومن الحق بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوئے، مشفق الرحیم کا بلا بھی نہ چلا اور صرف ایک رن بنا کر لکمل کی گیند کا نشانہ بنے، امرالقیس 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 56 رنز بنا لئے تھے اور اسے آئی لینڈرز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 166 رنز درکار ہیں، لٹن داس 24 اور مہدی حسن 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، لکمل نے 2 اور پریرا نے ایک وکٹ لی۔