پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن،بڑے بڑے غیر ملکی کرکٹرز پاکستان آنے کو تیار،ایک نام انکاری

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کے 2 پلے آف لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور فائنل 25 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا، تاہم پاکستان میں ہونے والے 3 میچوں میں غیر ملکی کرکٹرز کی شرکت بدستور سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے۔

پی ایس ایل کے2 فائنل کھیلنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے انکشاف کیا ہے کہ اگر ان کی ٹیم اس سال پلے آف اور فائنل میں پہنچی تو کوئٹہ کو انگلینڈ کے مشہور زمانہ بیٹسمین کیون پیٹرسن کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، تاہم ندیم عمر نے وعدہ کیا کہ وہ کیون پیٹرسن کو پاکستان لانے کے لئے قائل کریں گے۔

گزشتہ روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم عمر نے کہا کہ کیون پیٹرسن کا یہ سال ریٹائر منٹ کا سال ہےاور وہ اس حوالے سے مصروف ہیں اور وہ دبئی میں ہمارے ساتھ موجود ہوں گے لیکن لاہور اور کراچی میں آنے کے ان کے امکانات کم ہیں، البتہ آسٹریلوی شین واٹسن سمیت تمام غیر ملکی پاکستان آئیں گے۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال لاہور میں پی ایس ایل فائنل میں کیون پیٹرسن سمیت اکثر غیر ملکی لاہور نہیں آئے تھے، جس کی وجہ سے کوئٹہ کو فائنل میں پشاور زلمی نے شکست دے دی تھی۔

ادھر ہیڈ کوچ معین خان کا کہنا ہے کہ دونوں فائنلز میں شکست پر مجھے اپنے کرکٹ کیریئر میں ہمیشہ افسوس رہے گاجبکہ ندیم عمر نے کہا کہ کوئٹہ نے پی ایس ایل کے آفیشل سانگ میں سرفراز احمد کو شامل نہ کرنے پر احتجاج کیا تھا۔

دوسری جانب پی سی بی نے کہا کہ سرفراز احمد شوٹنگ کے وقت ملک میں نہیں تھے، لیکن افتتاحی تقریب میں آفیشل سانگ میں سرفراز احمد کو شامل کیا جائے گاجبکہ کوئٹہ کی ٹیم میں بلوچستان کےکھلاڑیوں کو نمائندگی دی جائے گی۔

پی ایس ایل میں بنگلہ دیش کے محمود اللہ5 اور افغانستان کے راشد خان2 میچوں کے لئے دستیاب ہوں گےاور ان کی جگہ جیسن رائے اور جان ہیسٹنگز لیں گےاور وہ دونوں پاکستان آنے کو تیار ہیں۔

تعارف: newseditor

error: Content is protected !!