ایگلز امریکی فٹ بال چیمپئن شپ کے پلے آف مرحلے سے ہی نسبتاً کمزور ٹیم قرار دی جا رہی تھی اور نیو انگلینڈ پیٹرئیٹس کو اس فائنل کیلئے فیورٹ سمجھا جا رہا تھا۔ لہذا کسی کو بھی توقع نہیں تھی کہ سوپر بال کے 52 ویں ایڈیشن کے فائنل میں ایگلز دفاعی چیمپئن ٹیم پیٹرئیٹس کو ہرا کر ٹرافی اپنے نام کر لے گی۔
میچ کے اختتامی لمحات میں ایگلز کے ٹائیٹ اینڈ کھلاڑی زیک ایڈم ارٹز نے 11 گز کے فاصلے سے کیچ پکڑ کر چھلانگ لگاتے ہوئے ٹچ ڈاؤن کر دیا اور یوں اپنی ٹیم کیلئے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی جو آخری وقت تک جاری رہی۔
نیو انگلینڈ ٹیم کو اپنے شہرت یافتہ کھلاڑی ٹام بریڈی سے بڑی اُمیدیں تھیں لیکن وہ اس گیم کے زیادہ تر وقت میں آف کلر دکھائی دیے۔ میچ کے اختتام سے محض ڈھائی منٹ قبل بریڈی کیلئے ٹچ ڈاؤن کا شاندار موقع تھا لیکن ایگلز کے کھلاڑیوں نے اُن کے دائیں ہاتھ سے بال چھین لیا۔ ٹام بریڈی کی یہ غلطی اُن کی ٹیم کیلئے بہت مہنگی ثابت ہوئی اور پیٹرئیٹس میچ میں واپس نہ آسکی۔
بریڈی کا امریکن نیشنل فٹ بال لیگ میں ریکارڈ قابل رشک ہے۔ وہ اپنی ٹیم کیلئے کوارٹر بیک کی پوزیشن پر کھیلتے ہیں۔ وہ اب تک این ایف ایل چیمپئن شپس میں آٹھ مرتبہ چوتھے کوارٹر میں کم بیک کر چکے ہیں۔ تاہم وہ اس گیم میں نویں بار یہ کارنامہ انجام نہ دے پائے۔
میچ کے بعد بریڈی نے کہا، ’’یہ ایک ٹیم سپرٹ کا کھیل ہے۔ ایگلز کی ٹیم ہم سے بہتر کھیلی۔ لہذا وہ جیت کی حقدار تھی۔ یہی وجہ ہے کہ آج ہم چیمپئن نہیں بن پائے۔‘‘
بریڈی نے کہا کہ اس گیم میں ہمیں متعدد مواقع ملے لیکن ہم اُن سے فائدہ نہیں اُٹھا سکے۔ گیم ختم ہونے سے 9 منٹ پہلے بریڈی نے اپنے ساتھی کھلاڑی راب گرونسکی کو ایک شارٹ پاس دے کر ٹچ ڈاؤن کرا دیا جس کے سبب میچ میں پہلی بار پیٹرئیٹس نے 33-32 کے سکور سے ایک پوائنٹ کی سبقت حاصل کر لی۔ لیکن یہ زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی اور ایگلز کے کھلاڑی فولز یہ میچ پیٹرئیٹس کے ہاتھوں سے لے اُڑے۔
اس میچ کو 65,000 شائقین نے منی ایپلس کے آرام دہ اسٹیڈیم میں دیکھا جبکہ اسٹیڈیم سے باہر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے تھا۔ یہ امریکہ اور دنیا بھر میں ٹی وی پر سب سے زیادہ دیکھے جانے والے سپورٹس مقابلوں میں شامل ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق اس سوپر بال 52 مقابلے کو 10 کروڑ سے زائد امریکیوں نے ٹیلی ویژن پر دیکھا۔
اس میچ کے آغاز میں گرامی ایوارڈ یافتہ مشہور امریکی پاپ گلوکارہ پِنک نے امریکہ کا قومی ترانہ گایا۔ گیم کے ہاف ٹائم میں مشہور گلوکار جسٹن ٹمبرلیک نے اپنے مشہور نغموں کا میڈلے پیش کیا جن میں “Cry Me A River” ، “Suit & Tie” ، “Senorita” اور “My Love” جیسے نغمے بھی شامل تھے۔