بنگلور ٹیسٹ،بھارت نے افغانستان کو تارے دکھا دیئے

بنگلور (سپورٹس لنک رپورٹ) شیکھر دھون اور مرلی وجے کی شاندار سنچریوں کی بدولت بھارت نے افغانستان کے خلاف واحد اور تاریخی کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پر اعتماد آغاز کیا، بھارت نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز بنا لئے تھے، شیکھر دھون 107 اور مرلی وجے 105 رنز بنا کر نمایاں رہے، لوکیش راہول 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، یامین احمد زئی نے 2 وکٹیں لیں۔ جمعرات کو بنگلور میں شروع ہونے والے واحد ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم کے قائم مقام کپتان اجنکیا راہانے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو شیکھر دھون اور مرلی وجے نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 168 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، دھون نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور سنچری سکور کی، وہ 107 رنز بنانے کے بعد یامین احمد زئی کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر لوکیش راہول نے مرلی وجے کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 112 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 280 تک پہنچا دیا، مرلی وجے نے بھی عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور سنچری سکور کی، وہ 105 رنز بنانے کے بعد وفادار کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اگلے ہی اوور میں یامین احمد زئی نے لوکیش راہول کو کلین بولڈ کر دیا، انہوں نے 54 رنز بنائے، 318 کے سکور پر بھارت کو کپتان اجنکیا راہانے کا نقصان اٹھانا پڑا جو 10 رنز بنا کر چلتے بنے، چیتشور پوجارا بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 35 رنز بنا کر مجیب الرحمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، دنیش کارتھک 4 رنز بنا سکے، اس کے بعد ہرڈک پانڈیا اور ایشون نے مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو بھارت نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 347 رنز بنا لئے تھے، پانڈیا 10 اور ایشون 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، یامین احمد زئی نے 2 جبکہ وفادار، راشدخان اور مجیب الرحمان نے ایک، ایک وکٹ لی۔

error: Content is protected !!