دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے مستند بیٹسمین اسدشفیق نے کہا ہے کہ چار، پانچ دن قبل دبئی پہنچنے کی وجہ سے ہمیں تیاری کرنے میں مدد مل گئی ہے کپتان سرفراز احمد بھی بھرپور رہنمائی فراہم کررہے ہیں ۔ہماری ٹیم اس سے قبل دونوں ابتدائی ایڈیشنز کے فائنل تک رسائی پانے میں کامیاب رہی ہے اور اس بار بھی پہلے سے زیادہ بہترین پرفارمنس پیش کرنا چاہیں گے۔اپنے ایک انٹرویو میںمڈل آرڈر بیٹسمین نے کہا کہ اس بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل تھری کیلیے بہترین تیاریاں کی ہیں، دبئی جلد آنے کی وجہ سے ہمیں یہاں تیاری کرنے کیلیے چار، پانچ دن مل گئے تھے، اپنی کارکردگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں نے ڈومیسٹک میں بھی اچھا پرفارم کیا۔انہوں نے کہا میری کوشش ہے کہ تمام فارمیٹ میں اپنی پرفارمنس پیش کروں، پی ایس ایل میں بھی میری یہی کوشش ہوگی کہ میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ پیش کروں، قومی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے اسد نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ بہترین کھیل پیش کرکے میں قومی ون ڈے ٹیم میں بھی جگہ بنالوں گا، قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اس وقت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں بھی ہمارے کپتان ہیں، وہ بھی میری رہنمائی کررہے ہیں، ہماری ٹیم پی ایس ایل کے ابتدائی دونوں ایڈیشنز کے فائنلز کھیل چکی ہیں لہذا اس بار پہلے سے زیادہ بہتر پرفارمنس پیش کرکے ٹرافی اپنے نام کرنا چاہیں گے۔