پی ایس ایل تھری فائنل،ٹکٹوں کی قیمت کا تعین نہ ہوسکا

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل میچ کی ٹکٹوں کی قیمتوں کا تعین تاحال نہ ہوسکا۔

پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن دبئی میں کامیابی سے جاری ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ ملتان سلطانز 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ 2، 2 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہیں جب کہ لاہور قلندر نے اب تک 3 میں سے کوئی میچ نہیں جیتا ہے۔

پی ایس ایل کے 2 پلے آف میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے اور ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔

جب کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 25 مارچ کو کھیلا جائے گا لیکن فائنل میچ کی ٹکٹ کی قیمتوں کا تعین اب تک نہیں ہوسکا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹکٹوں کی فروخت 15 مارچ سے پہلے شروع نہ کرنے کافیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جعلی ٹکٹوں کی فروخت کے خطرے کے باعث زیادہ پہلے ٹکٹ نہ فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت ایک ہزار روپے رکھی جائے گی جب کہ زیادہ سے زیادہ قیمت 10 سے 12 ہزار روپے ہوگی۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں کھیلا گیا تھا جس میں پشاور زلمی فاتح قرار پائی تھی۔

error: Content is protected !!