بین سٹوکس کی عمدہ آل رائونڈ کارکردگی،انگلینڈ نے کیویز کو زیرکرلیا

آکلینڈ (سپورٹس لنک رپورٹ)بین سٹوکس کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی، انگلش ٹیم نے 224 رنز کا آسان ہدف 37.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، کپتان مورگن نے 62 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، بین سٹوکس 63 اور جوز بٹلر نے 36 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، مچل سینٹنر اور مارٹن گپٹل کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں، سٹوکس کو 2 وکٹیں اور 63 ناقابل شکست رنز بنانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ گزشتہ روز کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں انگلش ٹیم کے قائد آئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت ہوا، میزبان کیویز ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49.4 اوورز میں 223 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔کرس ووکس، بین سٹوکس اور معین علی نے دو، دو وکٹیں لیں۔ جواب میں انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف 38ویں اوور میں 4 وکٹوں پر حاصل کیا، 15 کے سکور پر انگلش ٹیم کو جیسن روئے کا نقصان اٹھانا پڑا جو 8 رنز بنا کر بولٹ کی گیند کا نشانہ بنے ، 86 کے سکور پر انگلینڈ کی تیسری وکٹ گری ، اس موقع پر کپتان مورگن اور سٹوکس نے میدان سنبھالا، 174 کے سکور پر منرو نے مورگن کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، اس کے بعد سٹوکس نے جوز بٹلر کے ساتھ مل کر عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور پانچویں وکٹ پر 51ناقابل شکست رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی،سٹوکس 63 اور بٹلر 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، بولٹ نے 2 جبکہ فرگوسن اور منرو نے ایک، ایک وکٹ لی۔

 

تعارف: newseditor