کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)مشہور سابق پاکستانی کرکٹ کپتان شاہد خان آفریدی سماجی خدمات میں بھی پیش پیش ہیں اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے ذریعے پاکستان میں تعلیم اور صحت کے لیے کام کر رہے ہیں۔سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن بھی آفریدی کی ان خدمات اور صلاحیتوں کی معترف ہیں، جس کا اظہار انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا اور آفریدی کے مقاصد میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس ویڈیو کو شاہد آفریدی نے گذشتہ روز اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے ہلیری کا شکریہ ادا کیا۔اس سے قبل کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو سپورٹ کرتے ہوئے پیغام دیا تھا، جس کا شکریہ بھی بوم بوم آفریدی نے اپنے ٹوئٹر پیغام کے ذریعے ادا کیا۔واضح رہے کہ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کوہاٹ اسپتال بنانے میں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی معاونت کر رہے ہیں۔