کراچی (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ دورہ ویسٹ انڈیز کے کامیاب انعقاد کے بعد پرامید ہے کہ مزید بڑی ٹیمیں بھی ملک میں آکر میچز کھیل سکتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آسٹریلین اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ سے درخواست کی ہے کہ وہ رواں سال متحدہ عرب امارات میں شیڈول سیریز کے دوران صرف ٹی ٹونٹی میچز کیلئے اپنی ٹیموں کو پاکستان بھیجیں۔ پی سی بی آفیشل کے مطابق حال ہی میں کولکتہ میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس کے دوران سربراہ پی سی بی نجم سیٹھی نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے عہدیداروں سے بات چیت بھی کی تھی کہ وہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مدد کریں۔ واضح رہے کہ پی سی بی رواں برس اکتوبرمیں یو اے ای میں آسٹریلیا کی میزبانی کرے گا جس کے بعد نومبر میں نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کھیلی جائے گی۔ آسٹریلیا سے تین ٹیسٹ اور ایک ٹی ٹونٹی جبکہ نیوزی لینڈ سے تین ٹیسٹ،پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز ہوں گے ۔ پی سی بی نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے صرف ٹی ٹونٹی میچز پاکستان میں کھیلنے کی درخواست کی ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ گزشتہ برس پی سی بی نے سری لنکا کو بھی لاہور میں ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے پر آمادہ کرلیا تھا۔پی سی بی آفیشل کے مطابق ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ قدرے سست لیکن مستحکم انداز میں کام کر رہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی خدشات میں مبتلا آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے حکام پاکستانی تجویز پر کسی حد تک ہچکچاہٹ کا شکار دکھائی دیئے لیکن انہوں نے اس پر غور کا وعدہ کیا ہے ۔پی سی بی آفیشل کے مطابق دونوں ممالک کیخلاف مجوزہ سیریز کسی اور ملک منتقل ہوتی نظر نہیں آتی جو شیڈول کے مطابق یو اے ای میں ہی ہوگی جہاں سے ٹی ٹونٹی میچوں کیلئے پاکستان آمد کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہوگا۔