شان مسعود نے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا

فیصل آباد: (سپورٹس لنک رپورٹ)فیصل آباد میں جاری پاکستان کپ قومی بلے بازوں کو فارم میں واپسی کا سنہری موقع فراہم کر رہا ہے اور گزشتہ 6میچز کے دوران اب تک 5مرتبہ ٹیموں نے 300سے زیادہ رنز کا مجموعہ تشکیل دیا ہے جو اس بات کا غماز ہے کہ اقبال سٹیڈیم ، فیصل آباد کی پچ بیٹنگ کیلئے انتہائی سازگار ہے۔ٹیسٹ اوپنر شان مسعود رواں سال پاکستان کپ میں خیبر پختونخوا کی نمائندگی کررہے ہیں اور گزشتہ مقابلے میں پنجاب کیخلاف انہوں نے 111گیندوں پر سنچری سکور کی جس کے ساتھ ہی وہ لسٹ اے کرکٹ میں سب سے زیادہ اوسط رکھنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں ۔شان مسعود نے اب تک 76میچز میں 58.32کی اوسط سے 3441رنز سکور کر چکے ہیں جس میں 10سنچریاں اور21نصف سنچریا ں شامل ہیں ۔وہ مائیکل بیون (57.86)،ویرات کوہلی (56.56)اورچتیشور پجارا(54.17) کو پیچھے چھوڑتے ہوئے لسٹ اے کرکٹ میں بہترین اوسط رکھنے والے بلے باز بنے ہیں ۔شان مسعود نے 2013میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب تک وہ 12ٹیسٹ میچز میں 23.54کی اوسط سے565 رنز سکور کرچکے ہیں ۔انہیں ابھی تک ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع نہیں مل سکا ہے۔

 

تعارف: newseditor