لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)اسد شفیق اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نارتھیمپٹن شائر کے خلاف وارم اپ میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے جہاں پاکستان کے 428 رنز کے جواب میں ناٹنگھم شائر کی ٹیم دوسری اننگز میں 240 رنز پر آدھی ٹیم سے محروم ہو گئی ہے۔نارتھیمپٹن شائر میں جاری 4روزہ میچ کے تیسرے دن کھیل شروع ہوا تو اسد شفیق کے ناقابل شکست 186 رنز کی بدولت پاکستان نے پہلی اننگز میں 428 رنز بنا کر میزبان ٹیم کے خلاف 169 رنز کی برتری حاصل کی۔میزبان ٹیم کو دوسری اننگز کی ابتدا میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جہاں راحت علی اور شاداب خان کی عمدہ باؤلنگ کے سبب نارتھیمپٹن شائر 57رنز پر 3 وکٹوں سے محروم ہو گئی۔اس موقع پر روب نیوٹن کا ساتھ دینے ایڈم روسنگٹن آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 56رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی اور اس شراکت خاتمہ محمد عباس نے 42رنز بنانے والے روسنگٹن کو آؤٹ کر کے کیا۔دوسرے اینڈ سے نیوٹن نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نئے بلے باز جوش کوب کے ساتھ 94 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچانے میں مرکزی کردار ادا کیا، روب 52 رنز بنا کر شاداب کی دوسری وکٹ بنے۔جب میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو نارتھیمپٹن شائر نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے تھے، نیوٹن نے شاندار سنچری اسکور کی اور 102 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔نارتھیمپٹن شائر کو میچ میں صرف 71 رنز کی برتری حاصل ہے اور پاکستان میچ کے آخری دن بقیہ 5 وکٹیں جلد حاصل کر کے فتح اپنے نام کر سکتا ہے۔