لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی ہدایت پر 12مئی سے شروع ہونے والی انٹرڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ کے حوالے سے ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ کی صدارت میں بدھ کے روز سپورٹس بورڈ پنجا ب میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر محمد حفیظ بھٹی، اسسٹنٹ ڈائریکٹررئیس الرحمن، سینئر کوچ شاہد محمود نظامی، پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شرجیل بٹ، طارق گجر، ارشد جاوید قریشی اور کئی تعلیمی اداروں کے سپورٹس ڈائریکٹرز نے شرکت کی، اجلاس میں 12سے 15مئی تک منعقد ہونے والی انٹر ڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ کیلئے کئے گئے انتظامات کا تفیصلی جائزہ لیا اور اس پر اظہار اطمینان کیا گیا کہ نوجوان باکسر کو عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے باکسنگ چیمپئن شپ میں نوجوانوں کی دلچسپی میں اضافہ کیلئے سکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات کو بڑی تعداد میں مقابلوں میں مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے نوجوان باکسرز کی حوصلہ افزائی ہوگی اور باکسنگ کا کھیل نوجوانوں میں مقبول ہوگا، انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کا سلوگن ’’کون بنے گا پنجاب کا باکسنگ چیمپئن‘‘ ہے، نوجوان باکسرز چیمپئن بننے کے لئے پُرعزم ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں ہر کھیل میں بہت ٹیلنٹ ہے اور سپورٹس بورڈ پنجاب ،سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی قیادت میں تمام کھلاڑیوں کو بہترین پلیٹ فارم مہیا کررہا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو سامنے لا سکیں۔