چیف سلیکٹرانضمام اور کوچ مکی کے درمیان کشیدگی ختم


لندن(سپورٹس لنک رپورٹ)سلیکشن معاملات پر تعلقات کشیدہ ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کے درمیان تعلقات معمول پر آگئے۔نارتھمپٹن کے ٹھنڈے موسم میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کے درمیان دو روز قبل خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی۔دونوں گفتگو میں ہنسی مذاق بھی کررہے تھے اور یہ صورتحال لاہور میں دونوں کے کشیدہ تعلقات کے برعکس تھی۔ تین ہفتے پہلے جب لاہور میں اچانک موسم گرم ہوا تو اس کے اثرات مکی آرتھر اور انضمام الحق کے رویے میں بھی دیکھنے میں آئے تھے۔حد درجہ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دورے کی تیاریوں کے لیے لگائے جانے والے تربیتی کیمپ میں مکی آرتھر اور انضمام الحق کے درمیان سلیکشن کے معاملہ پر کشیدگی دیکھنے میں آئی تھی اور اس جھگڑے کی باز گشت بورڈ آف گورنرز کے اراکین تک بھی پہنچ گئی تھی۔تاہم چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ایک اچھے ایڈمنسٹریٹر اور سربراہ کے طور پر اپنے افسران کو ہدایت کی کہ میرٹ پر کارروائی کریں اور معاملے کو حل کریں جس کے بعد بورڈ کے افسران ایکشن میں آئے اور جھگڑا جلد ختم ہوگیا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ موسم میں مکی آرتھر اور انضمام الحق کے درمیان سلیکشن کے معاملات پر کشیدگی اور تلخ صورتحال خاصی حیران کن تھی کیوں کہ دونوں کے درمیان ایک سال سے تعلقات خوشگوار تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر جو اکثر سلیکشن کے معاملات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتے تھے انہیں سابق کپتان کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک موقع پر قومی اکیڈمی میں مکی آرتھر کے ساتھ گرما گرمی کے بعد انضمام الحق میٹنگ سے اٹھ کر چلے گئے تھے۔ایسے وقت میں جب پاکستان ٹیم کا اعلان ہونے والا تھا، سلیکشن کے حساس معاملات پر کوچ اور چیف سلیکٹر کے درمیان گرما گرمی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ حرکت میں آیا اور اس نے دونوں کی صلح کرادی اور اسی دوران مکی آرتھر کو تنبیہہ کی گئی کہ ڈسپلن کی کوئی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ حکام نے کوچ اور چیف سلیکٹر سے کہا کہ وہ دونوں اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر نے پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کو بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ ہونے والی علیحدگی کی وجہ سے پریشان تھے جس کی وجہ وہ جذبات پر قابو نہ پاسکے۔مکی آرتھر جو عام طور پر گراؤنڈ میں کھلاڑیوں کے ساتھ گرما گرمی کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں، یہ پہلا موقع تھا کہ وہ انضمام الحق کے ساتھ الجھ گئے۔البتہ یہ معاملہ جو ایک وقت میں کشیدہ دکھائی دے رہا تھا اب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہارون رشید اور جنر ل منیجر عثمان واہلہ نے مل بیٹھ کر حل کرادیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے بھی یہ صورتحال غیر معمولی تھی کیوں کہ انضمام الحق اس قدر غصے میں تھے کہ انہوں نے عہدہ چھوڑنے کی دھمکی دے دی تھی۔پاکستان ٹیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وقتی لڑائی کے بعد مکی آرتھر اور انضمام الحق کے تعلقات بہت اچھے ہیں۔ نارتھمپٹن میں انضمام الحق اور مکی آرتھر اچھے ماحول میں ملے اور اس بار پرانی باتوں سے گریز کیا گیا۔انضمام الحق جو اپنے وقت میں پاکستان کے طاقت ور کپتان تھے انہوں نے بھی بڑے دل کا مظاہرہ کیا اور کوچ کے ساتھ اب ان کے تعلقات پہلے کی طرح بہت اچھے ہیں۔

تعارف: newseditor