لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) ڈبلن میں پاکستان اور آئر لینڈ کے درمیان تاریخی ٹیسٹ میچ دیکھنے کےلئے موجود پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اہم اعلان کردیاہے۔ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ آئندہ سال پاکستان سپر لیگ کے آٹھ سے نو میچ کراچی ،،لاہور اور ایک اور شہر میں ہوں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 2017ءکا پی ایس ایل فائنل لاہورمیں کھیلا گیاتھا جب کہ 2018ءکے ایڈیشن کے پلے آف میچز لاہور اور فائنل کراچی میں کھیلا گیا۔پی ایس ایل میچز کے کراچی میں بہترین انعقاد کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم بھی یہاں تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریزکھیل کر جاچکی ہے جس سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا عمل مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔اگر رواں سال کے آخر میں نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ کی ٹیمیں بھی پاکستان آکر کھیل جاتی ہیں تو ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ مکمل طورپر بحال ہوجائے گی۔پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کاکہناتھا کہ ہم نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے بورڈز سے کہا ہے کہ وہ مستقبل قریب میں پاکستان آکر میچ کھیلیں، امید ہے کہ بڑی ٹیموں کے پاکستان آنے سے پاکستان میں مکمل طور پر انٹر نیشنل کرکٹ بحال ہوجائے گی ۔واضح رہے کہ آئرلینڈنے پاکستان آکر سیریزکھیلنے میں دلچسپی کا اظہارکیاہے جبکہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ رواں سال یواے ای میں شیڈول باہمی سیریزکے کچھ میچز پاکستان میں کھیلنے پر غور کررہاہے۔پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی آئر لینڈ سے انگلینڈ جائیں گے جہاں پاکستان اور انگلینڈکے درمیان لارڈزمیں شیڈول ٹیسٹ میچ بھی دیکھیں گے،،پاکستان ٹیم انگلینڈ میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔