لندن( سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کے فیلڈنگ کوچ اسٹیورکسن ذاتی وجوہ کی بناء پرمستعفی ہوگئے ،وہ اسکاٹ لینڈ سے 13جون کوٹی ٹونٹی میچ کے بعدسبکدوش ہوجائیں گے، ان کے مستعفی ہونے کے بعد عہدے کیلئے سابق انگلش وکٹ کیپر جیمز فوسٹرفیورٹ ہیں۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے تمام عہدیداروں کی میعاد میں ورلڈکپ 2019ی تک توسیع کردی تھی۔ تاہم فیلڈنگ کوچ اسٹیورکسن ذاتی وجوہ کی بنا پرمستعفی ہوگئے ہیں۔دورہ انگلینڈ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف 13جون کودوسرے ٹی ٹونٹی کے بعد وہ عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔قومی ٹیم کوجولائی میں زمبابوے کے ٹور میں آسٹریلیا کی شمولیت سے سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز اورمیزبان ٹیم سے پانچ ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنا ہیں۔ٹور سے پہلے فیلڈنگ کوچ کی تقرری کے تین امیدوار ہیں۔ جن میں قومی ٹیم کے ٹرینرگرانٹ لوڈن ،اسلام آبادیونائیٹڈ کے فیلڈنگ کوچ ڈین ووڈ فورڈ اورسابق انگلش وکٹ کیپر جیمز فوسٹرشامل ہیں۔گرانٹ لوڈن پہلے بھی پاکستان ٹیم کے فیلڈنگ کوچ رہ چکے ہیں۔ لیکن ہیڈکوچ مکی آرتھرانہیں بطورٹرینر ہی اپنی ٹیم میں رکھنا چاہتے ہیں۔اسٹیورکسن کوبھی مکی آرتھر ہی لائے تھے۔وہ وکٹ کیپررکسن کی جگہ جیمزفوسٹرکوفیلڈنگ کوچ بناناچاہتے ہیں۔ اس لئے فوسٹرعہدے کے مضبوط امیدواربن گئے ہیں۔