کراچی (جی سی این رپورٹ)پاکستانی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر حسن رضا کا کہنا ہے کہ عجمان میں مقامی ٹورنامنٹ کی پرانی ویڈیو مجھے پھنسانے کے لیے لیک کی گئی۔الجزیرہ کے رپورٹر نے اسپاٹ فکسنگ سے متعلق اسٹنگ آپریشن کیا جس کی ویڈیو میں بھارت سے تعلق رکھنے والے مبینہ فکسر، رپورٹر اور پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر حسن رضا کو دیکھا جاسکتا ہے۔حسن رضا کو مبینہ فکسر سابق بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹر رابن مورس کے ساتھ فلمبند کیا گیا تاہم پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر اس گفتگو میں براہ راست شریک نہیں رہے البتہ فکسرز نے مجوزہ پلان کے دوران مثال کے طور حسن کا نام لیا۔اس حوالے سے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے حسن رضا کا کہنا تھا کہ عجمان میں مقامی ٹورنامنٹ ہو رہا تھا اور یہ ویڈیو وہاں کی ہے لیکن جب میچ فکسنگ کا شبہ ہوا تو پیچھے ہٹ گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ پرانی ویڈیو ہے جو مجھے پھنسانے کے لیے لیک کی گئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ عجمان میں لیگ کے انعقاد کے حوالے سے بلایا گیا تھا تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس بارے میں کچھ نہیں بتایا تھا کیوں کہ میں پی سی بی کے سینٹرل کانٹریکٹ میں شامل نہیں ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ سینٹرل کانٹریکٹ میں شامل نہ ہونے پر پی سی بی سے اتنے معاملات نہیں رہتے، پہلے بھی میچ فکسنگ سے متعلق آئی سی سی کو آگاہ کر چکا ہوں۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ حسن رضا کے مبینہ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے کا جائزہ لے رہے ہیں۔پی سی بی کے مطابق تمام صورت حال اور معاملات کا جائزہ لیا جا رہا ہے لہذا تمام تر شواہد اکٹھے کرنے اور جائزے کے بعد ضروری ایکشن لیا جائے گا تاہم اس وقت معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔