آسٹریلیا کی مشکلات میں اضافہ، ہیزل وڈُ بھی دورہ انگلینڈ سے باہر

سڈنی(سپورٹس لنک رپورٹ) آسٹریلیا کو دورہ انگلینڈ سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے اور آسٹریلین فاسٹ باؤلر جوش ہیزل وُڈ فٹنس مسائل کے باعث دورہ انگلینڈ سے باہر ہو گئے۔بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد سے آسٹریلین کرکٹ کی مشکلات ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں اور اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی خدمات سے محروم ٹیم اب دورہ انگلینڈ سے قبل اپنے اہم فاسٹ باؤلرز سے بھی ہاتھ دھو بیٹھی ہے۔ہیزل ووڈ انجری کے سبب دورہ انگلینڈ کا حصہ نہیں ہوں اور انگلینڈ کے خلاف شیڈول سیریز سے باہر ہونے والے تیسرے آسٹریلین فاسٹ باؤلر ہیں جہاں مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز بھی سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ہیزل وُڈ کی جگہ کوئنزلینڈ کے فاسٹ باؤلر مائیکل نیسر کو پہلی مرتبہ اسکواڈ میں طلب کر لیا گیا۔کرکٹ آسٹریلیا کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ٹیم فزیو ڈیوڈ بیکلے نے طبی معائنے کے بعد ہیزل ووڈ کو مزید آرام کا مشورہ دیا اس لیے وہ دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے، ان کی جگہ مائیکل نیسر کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔آسٹریلین ٹیم آئندہ ماہ دورہ انگلینڈ کے دوران پانچ ایک روزہ اور واحد ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

تعارف: newseditor