لندن(سپورٹس لنک رپورٹ )جارح مزاج بلے باز فخر زمان یکم جون سے ہیڈنگلے ٹیسٹ میں ڈیبیو کے لیے فیورٹ ہیں۔پاکستان ٹیم کے رکن بابر اعظم بائیں کلائی میں فریکچر کے سبب وطن روانہ ہو چکے ہیں اور دوسری جانب ٹیم مینجمنٹ نے متبادل کھلاڑی کے معاملے میں سلیکشن کمیٹی پر واضع کیا ہے کہ انھیں متبادل کھلاڑی کی کوئی ضرورت نہیں۔ادھر لندن سے لیڈز جانے والی قومی ٹیم کے کیمپ سے خبر ہے کہ فخر زمان کو ہیڈنگلے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرانے کی تیاریاں مکمل ہیں، اگر ایسا ہوا تو 13 ون ڈے اور 15 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے مردان کے 28 سال کے فخر زمان پاکستان کے 232 ویں ٹیسٹ کرکٹر ہوں گے۔ملتان میں 2013ء میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کر نے والے فخر 37 فرسٹ کلاس مقابلوں میں 41.91 کی اوسط سے 2389 رنز 6 سنچریوں کی مدد سے بنا چکے ہیں۔دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لئے قومی سلیکشن کمیٹی نے فخر زمان کو چوتھے اوپنر کی حیثیت سے اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا، تاہم بابر اعظم کے ان فٹ ہونے پر ان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے بائیں ہاتھ کے بیٹس مین کون سے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہیں ؟ اہم سوال ہے۔امام الحق اور اظہر علی بطور اوپنرز کھیل رہے ہیں جب کہ آخری 2 ٹیسٹ میچوں میں حارث سہیل کو نمبر تین پر کھلانے کا تجربہ ہوا ہے، انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں بابر اعظم نمبر پانچ پر کھیلے تھے لہذا سیدھا مطلب تو یہی ہے کہ فخر زمان نمبر پانچ پر کھیلیں گے۔دوسری جانب لاہور سے تعلق رکھنے والے عثمان صلاح الدین ایک مرتبہ پھر بغیر کھیلے پاکستان چلے جائیں گے۔99 فرسٹ کلاس میچوں میں 6329 رنز بنانے والے عثمان صلاح الدین کی قومی ٹیم کے ساتھ یہ چوتھی سیریز ہوگی جس میں وہ بناء کھیلے ہی گھر چلے جائیں گے۔