نئی دہلی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سے کرکٹ سیریز کھیلنے سے راہ فرار کیلئے بی سی سی آئی نے ایک بار پھر مہم شروع کردی ہے۔بی سی سی آئی نے حکومت کی اجازت کو ایک بار پھر ڈھال بنالیا ہے۔بگ تھری کی حمایت کے بدلے میں بی سی سی آئی نے پاکستان کیساتھ آٹھ سال میں چھ سیریز کھیلنے کا معاہدہ کیا لیکن ان میں سے ایک بھی ممکن نہیں ہوسکی۔آٹھ سال میں چھ سیریز کھیلنے کے معاہدے کی خلاف ورزی پر پی سی بی نے70ملین ڈالرز ہرجانے کی وصولی کیلئے آئی سی سی کی تنازعات کمیٹی سے رجوع کررکھا ہے۔کیس کی سماعت کیلئے مائیکل بیلوف کی سربراہی میں پینل بھی تشکیل دیا جاچکا ہے۔ماضی میں بی سی سی آئی نے ہمیشہ یہ موقف اختیار کیا ہے کہ حکومت کی طرف سے اجازت نہ دیے جانے کی وجہ سے کسی بھی مقام پرسیریز نہیں کھیل سکتے۔بھارتی بورڈ نے تنازعات کمیٹی میں اپنی جوازتراشی کودرست ثابت کرنے کیلئے ایک نئی مہم شروع کرتے ہوئے ایک بار پھر حکومت سے رجوع کرلیا ہے۔بی سی سی آئی حکام کی طرف لکھے جانے والے خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز کے حوالے سے پالیسی یا صورتحال واضح کی جائے، بتایا جائے کہ باہمی مقابلوں کیلئے کن چیزوں یا معاملات کی کلیئرنس حاصل کرنا ضروری ہے۔