لندن(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ٹیم کے فاسٹ بالر حسن علی کا کہنا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں کامیابی کے باوجود حریف سائیڈ کو کمزور سمجھنے کی غلطی ہرگز نہیں کر یں گے ،حالیہ سیریز جیت کر نئی تاریخ رقم کرنا مقصد ہے اس لیے حد سے زیادہ خوداعتمادی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ حسن علی نے گزشتہ روز ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم لارڈز ٹیسٹ جیتنے کے باوجود حریف ٹیم کو کمزور سمجھنے کی غلطی ہرگز نہیں کرے گی۔پاکستانی ٹیم کو اگر دوسرا ٹیسٹ بھی جیتنا ہے تو اس کے لیے نئے سرے سے محنت کرنا ہوگی کیونکہ لارڈز کے مقابلے میں لیڈز کی کنڈیشنز زیادہ مشکل ثابت ہو سکتی ہیں۔ دوسرے ٹیسٹ میں ہر کرکٹر کو اپنی 100 فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا کیونکہ پہلے ٹیسٹ کی جیت ماضی کا حصہ بن گئی اور اب اس کی بنیاد پر حد زیادہ خود اعتمادی کا شکار ہونا قومی کرکٹ ٹیم افورڈ نہیں کر سکتی ہے،۔لیڈز ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرکے ہی ایک نئی تاریخ رقم کی جا سکتی ہے اورہم اس سنہری موقع کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ حسن علی کا مزید کہنا تھا کہ اپنے ناقدین کو خاموش کرنے کا اچھی کارکردگی سے بہتر طریقہ کوئی اور ہو بھی نہیں سکتا ہے۔