کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) 31ویں اے کے جی رمضان کپ ٹی ٹوئنٹی کلر کٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے گروپ میچز مکمل ہوگئے۔ آخری میچ میں آغا اسٹیل نے سونی ایسوسی ایٹس کو 21رنز سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ سونی ایسوسی ایٹس کو بھی بیسٹ لوزر کی حیثیت سے کوارٹر فائنل میں جگہ مل گئی۔آج (بدھ) تیسرا کوارٹر فائنل ٹپال سی سی اور شمیل سی سی کے مابین کھیلا جائے گا۔آغا خان جیم خانہ گراؤنڈ گارڈن ویسٹ پر کھیلے جانے والے میچ میں آغا اسٹیل نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں پر 158رنز سمیٹے۔ کاشف اقبال 37رنز میں 3چوکے اور 2چھکے لگا کر ٹاپ اسکورر بنے۔ عمیر یوسف نے 36رنز میں 4چوکے لگائے۔ دونوں کھلاڑیوں کے مابین 7ویں وکٹ پر 63رنز جوڑے گئے۔شہر یار غنی کے 19رنز میں ایک چھکاشامل تھا۔ علی سرفراز اور محمد افضل نے 17,17رنز میں بالترتیب ایک چوکا اور 2 چھکے لگائے۔عارف یقوب اورعلی اقبال نے 2,2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔بلاول ملک، ثاقب خان اورفرحان خان نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔سونی ایسوسی ایٹس کی جوابی اننگز مقررہ اوورز میں 6وکٹوں پر 137رنز پر محدود رہی۔ شاہد میرانی نے 3چوکوں اورایک چھکے کی مدد سے 35رنز اسکورکئے۔ عارف یعقوب کے30رنز میں 2چوکے ا ورایک چھکا شامل تھا۔فیضان حسین کے 19رنز میں ایک چوکاجبکہ علی اقبال کے 17رنز اور ثاقب خان کے 16رنز میں 2,2چھکے شامل تھے۔ یاسر حسین نے 15اور توحید خان نے 24رنز کے عوض 2,2وکٹیں اپنے نام کیں۔ عمران علی اور حنان اچکزئی کے ہاتھ ایک ایک وکٹ لگی۔ کاشف اقبال کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا انہیں سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر جلال الدین نے کیش ایوارڈ دیا۔ اس موقع پر ٹیسٹ ایمپائرریاض الدین، وقار حسین، جنید غفور، میر افضل بیگ اور محمد نظام بھی موجود تھے۔پہلا کوارٹر فائنل آغا اسٹیل اور جعفر برادرز، دوسرا ٹپال سی سی اور شمیل سی سی، تیسرا ڈالر ایسٹ اور قاسمی سی سی جبکہ آخری اورچوتھا کوارٹر فائنل عمر کولٹس اور سونی ایسوسی ایٹس کے مابین کھیلا جائے گا۔ایمپائرز اظہر اورمحمد ریحان جبکہ آفیشل اسکورر عمران علی تھے۔