کولالمپور(سپورٹس لنک رپورٹ) بنگلہ دیش نے فائنل میں اعصاب شکن مقاملے کے بعد بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ویمین ایشین ٹی ٹوئنٹی کپ 2018 جیت لیا۔بنگلہ دیش ویمین ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو مقررہ 20 اوورز میں 112 رنز تک محدود کیا۔بھارت کی جانب سے کپتان ہرمپریت کور نے 42 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں میتھالی راج اور کرشنا مورتی 11،11 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔بنگلہ دیشی باؤلرز میں خدیجۃالکبریٰ اور رومانہ احمد نے 2، 2 بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں 6 مرتبہ کی ایشین چیمپیئن بھارتی ویمین ٹیم نے بھی بہتر باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تاہم بنگالی خواتین نے میچ کی آخری گیند پر مطلوبہ ہدف حاصل کرکے بھارت سے ایشین چیمپیئن کا تاج چھین لیا۔بنگلہ دیش کی جانب نگار سلطانہ 27 اور رومانہ احمد 24 رنز بنا کر نمایاں رہیں، جبکہ بھارت کی جانب سے پونم یادیو نے 4 بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔یاد رہے کہ ٹورنامنٹ میں بھارت اور بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ویمین ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی اور بنگلہ دیش ویمین ٹیم نے پہلی مرتبہ ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزازا حاصل کیا تھا۔خیال رہے کہ گزشتہ تمام ایشین چیمپیئن شپ کا تاج اپنے سر پر سجانے والی بھارتی ویمین ٹیم کو پہلی مرتبہ فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔واضح رہے کہ پاکستان ویمین ٹیم بھی 2 مرتبہ ایشین ویمین چیمپیئن شپ کا فائنل کھیل چکی ہے، اور دونوں ہی مرتبہ بدقسمتی سے اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔