ماسکو(سپورٹس لنک رپورٹ)فٹبال ورلڈ کپ کے آغاز سے 3دن قبل عالمی کپ کی ٹرافی نے روس سمیت دنیا بھر کے 51ملکوں اور 91 شہروں کا دورہ مکمل کر لیا ہے۔ورلڈ کپ ٹرافی نے 9 ماہ قبل روس سے ہی اپنے دورے کا آغاز کیا تھا اور اپنے سفر کے اختتام تک ایک لاکھ 72ہزار کلومیٹر سفر طے کیا۔فیفا کے رکن ملک ہونے کے ناطے یہ ٹرافی پاکستان بھی لائی گئی تھی جبکہ اس نے مجموعی طور پر 51ملکوں کے 91شہروں کا دورہ کیا جس کے دوران شائقین فٹبال کو اس ٹرافی کو قریب سے دیکھنے اور اس کے ساتھ تصاویر بنوانے کا موقع ملا۔اس دورے کے دوران 8لاکھ سے زائد شائقین کو ٹرافی قریب سے دیکھنے کا موقع ملا اور 5لاکھ 70ہزار سے زائد نے ٹرافی کے ہمراہ تصاویر بنوائیں۔اس سلسلے کا آغاز 2006 میں کیا گیا جہاں ورلڈ کپ کی ٹرافی مختلف ممالک میں لائی جاتی ہے اور فیفا کے مقرر کردہ سفیر اس ٹرافی کے ساتھ کرتے ہیں۔اس مرتبہ فیفا نے میزبان ملک روس میں ٹرافی کا طویل ترین سفر ڈیزائن کیا تھا جس کی وجہ سے اس ٹرافی نے طویل ترین سفر طے کیا۔فیفا ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب 14جون کو منعقد ہو گی جس کے بعد ایونٹ کا افتتاحی میچ میزبان روس اور سعودی عرب کے درمیان کھیلا جائے گا۔