کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کچھ بھی ہوسکتا ہے لیکن پاکستان ٹیم اسکاٹ لینڈ سے جیت کر ہی آئے گی۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم بہتری کی جانب جارہی ہے۔سابق کپتان کا کہنا ہے کہ 20 سالہ کیریئر میں انہوں نے بہت عزت پائی، کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اتنا کچھ مل جائے گا۔شاہد آفریدی نے کہا کہ ان کی زندگی میں کوئی کمی نہیں، جتنا کھیلا عزت پائی، اس سب کا کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔خیال رہے کہ پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کل جبکہ دوسرا میچ 13 جون کو کھیلا جائے گا۔اسکاٹ لینڈ نے گزشتہ روز انگلینڈ کو ایک روزہ میچ میں 6 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کی تھی۔398 ون ڈے، 99 ٹی ٹوئنٹی اور 27 ٹیسٹ کھیلنے والے شاہد آفریدی 2015 عالمی کپ کے بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے جبکہ ٹیسٹ کرکٹ کو وہ 2010 میں خیرباد کہہ چکے تھے۔