ایڈن برگ(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جارہا ہے۔کپتان سرفراز اور آل راؤنڈر شعیب ملک کی جارحانہ اننگز کی بدولت پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 205 رنز کا ہدف دیا۔مقررہ 20 اوورز میں پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔ کپتان سرفراز 89 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ شعیب ملک 27 گیندوں پر 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، فخر زمان اور احمد شہزاد نے پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا۔پاکستان کی پہلی وکٹ 33رنز پر گری جب احمد شہزاد 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، پاکستان کو دوسرا نقصان 46 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب فخر زمان بھی 21 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 87 کے مجموعی اسکور پر گری جب حسین طلعت 18 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔چوتھی وکٹ پر کپتان سرفراز اور تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک نے اسکاٹش بولرز کو تختہ مشق بنالیا اور دونوں نے برق رفتار نصف سنچریاں اسکور کیں۔چوتھی وکٹ 183 رنز پر گری جب شعیب ملک 53 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔اسکاٹ لینڈ گزشتہ روز ون ڈے رینکنگ کی نمبر ون ٹیم انگلینڈ کو شکست دے کر پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا چکا ہے جبکہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کی نمبر ون ٹیم ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اسکاٹ لینڈ کو کمزور حریف تصور نہیں کریں گے، گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف اسکاٹش ٹیم نے کھیل کے تینوں فارمیٹ میں بہت عمدہ کھیل پیش کیا۔سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی آسان فارمیٹ نہیں، ہم دیکھ چکے ہیں کہ افغانستان نے بنگلادیش کو 0-3 سے شکست دی، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ نمبر ون پوزیشن پر ہیں یا نمبر 8 پر، آپ کو محدود اوور کے فارمیٹ میں بہترین کارکردگی پیش کرنا ہوتی ہے۔یاد رہے کہ اسکاٹ لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف واحد ایک روزہ میچ میں کیلم مکلائڈ کی 140 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کی بدولت 371 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 49ویں اوور میں 365 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔