ایڈن برگ(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستانی کپتان سرفراز احمد کی جارحانہ اننگز کی بدولت پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 49 رنز سے شکست دے کر 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈن برگ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ درست ثابت ہوا۔ گرین شرٹس نے اپنے مقررہ 20 اوورز میں 205 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف مہمان ٹیم کو دیا۔کپتان سرفراز 89 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ شعیب ملک 27 گیندوں پر 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔فخر زمان اور احمد شہزاد نے پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 33رنز پر گری جب احمد شہزاد 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کو دوسرا نقصان 46 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب فخر زمان بھی 21 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 87 کے مجموعی اسکور پر گری جب حسین طلعت 18 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔چوتھی وکٹ پر کپتان سرفراز اور تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک نے اسکاٹش بولرز کو تختہ مشق بنالیا اور دونوں نے برق رفتار نصف سنچریاں اسکور کیں۔چوتھی وکٹ 183 رنز پر گری جب شعیب ملک 53 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ جبکہ سرفراز احمد کیریئر بیسٹ 89 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کے ٹاپ آرڈر نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور پاور پلے کے اختتام پر مہمان ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 54 رنز بنالیے تھے۔تاہم پاور پلے کے بعد اور اسپنرز کو متعارف کروائے جانے کے بعد اسکاٹ لینڈ کی وکٹیں گرنا شروع ہوگئیں جبکہ فاسٹ بولرز نے بھی شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کیا۔اسکاٹ لینڈ کی جانب سے مائیکل لیسک 38 اور کائل کٹزر 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور حسن علی نے دو، دو اور محمد نواز اور محمد عامر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔89 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر سرفراز احمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کل کھیلا جائے گا۔