یوم پاکستان پوٹھوہار کبڈی کپ ٹورنامنٹ 22 مارچ سے راولپنڈی میں شروع ہو گا۔

 

راولپنڈی (سپورٹس لنک رپورٹ ) پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اور پاکستان کبڈی فیڈریشن کے تعاون سے یوم پاکستان پوٹھوہار کبڈی کپ ٹورنامنٹ 22 مارچ سے دھمیال سٹیڈیم، راولپنڈی میں شروع ہو گا۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے صدر و صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی راجہ شاہد اقبال نے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد سرور رانا کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور ٹورنامنٹمیں چار ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پوٹھوہار ریجن، سنٹرل پنجاب ریجن، ویسٹ پنجاب ریجن اور سائوتھ پنجاب ریجن کی ٹیمیں شامل ہیں۔

ان ٹیموں میں ملک بھر سے نامور قومی اور انٹرنیشنل کھلاڑی حصہ لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے لئے سات لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ اول آنے والی ٹیم کے لئے تین لاکھ روپے، دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کودو لاکھ روپے دیئے جائیں گے جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو ایک، ایک لاکھ روپے بطور انعام دیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 23 مارچ کو سہ پہر تین بجے کھیلا جائے گا۔ جس کےمہمان خصوصی پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے صدر و صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ ہونگے۔ جو فائنل کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کریں گے۔

error: Content is protected !!